'اگلے مہینے مینارِ پاکستان پر جلسہ ہوگا، کشمیر الیکشن میں بھی اب تیر چلے گا'، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی کارکنوں سے گفتگو

10:16 PM, 11 Jun, 2026

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب پورے پاکستان میں پیپلز پارٹی کا راج ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے مہینے پیپلز پارٹی مینارِ پاکستان پر ایک تاریخی جلسہ کر کے اپنی بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔
یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کے انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ کارکنوں کے اس وفد کی قیادت پیپلز پارٹی لاہور کے قائم مقام صدر شاہد عباس اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عائشہ شوکت نے کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے بعد اب کشمیر کے الیکشن میں بھی 'تیر' چلے گا۔ انہوں نے پارٹی عہدیداران، ضلعی صدور اور کارکنوں کو مزید محنت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہم سب نے مل کر محنت کرنی ہے اور بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا وزیر اعظم بنانا ہے۔ جب بھی ملک میں صاف اور شفاف انتخابات ہوتے ہیں، پیپلز پارٹی ہمیشہ کلین سویپ کرتی ہے کیونکہ یہ ملک کی واحد حقیقی جمہوری اور عوامی نمائندہ جماعت ہے۔
گورنر پنجاب نے پارٹی کارکنوں کو فول پروف سپورٹ کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام کارکن متحد اور ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ    گورنر ہاؤس پارٹی کارکنوں کے لیے ہر وقت کھلا ہے اور وہ اپنے جیالوں کی ایک کال پر مدد کے لیے تیار ہیں۔ پارٹی کارکن ہماری اصل طاقت ہیں، ان کے ساتھ کسی بھی سطح پر زیادتی یا ناانصافی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزیدخبریں