لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں ناجائز اسلحے اور اسلحے کی نمائش کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار اسلحہ کلچر کے مستقل سدباب کے لیے ایک جامع ایکٹ تیار کر لیا گیا ہے، جس کی وزیراعلیٰ نے باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ناجائز اسلحے کے مکمل خاتمے کی حساس ذمہ داری کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کے سپرد کر دی ہے۔ مریم نواز نے عید الفطر کے فوراً بعد پورے صوبے میں اسلحہ کلچر کے خلاف بھرپور اور بلا امتیاز مہم شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ نئے ایکٹ کے تحت اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ گن کلچر معاشرے کے امن کے لیے زہرِ قاتل ہے اور اس کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی حکمرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ کسی بھی بااثر شخصیت کو اسلحے کی نمائش یا غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔ سی ٹی ڈی جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلیجنس کی بنیاد پر ناجائز اسلحے کے نیٹ ورک کو توڑے گی۔
پنجاب میں 'اسلحہ کلچر' کے خاتمے کا مشن؛ مریم نواز نے تاریخی 'جامع ایکٹ' کی منظوری دے دی
05:43 PM, 11 Mar, 2026