لاہور: پنجاب اسمبلی نے معرکہِ حق میں دشمن کے خلاف شاندار فتح حاصل کرنے اور سرحدوں کے دفاع پر مسلح افواج اور دفاعی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔ وزیرِ خزانہ و پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ایوان میں قرارداد پیش کی جس میں پوری قوم کے عزمِ صمیم کو سراہا گیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہے جو معرکہِ حق کے دوران اپنی افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی رہی۔ اس فتح کا سہرا افواجِ پاکستان کی بہترین حکمتِ عملی اور تمام طبقاتِ زندگی بشمول میڈیا، علماء اور سول سوسائٹی کے اتحاد کے سر ہے۔
مجتبیٰ شجاع الرحمن نے قرارداد پڑھتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کی صفوں کو تہہ و تیغ کر دیا جس کے نتیجے میں بھارت سفید جھنڈے لہرانے پر مجبور ہو گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری فوج موت کو فخر سمجھتی ہے جبکہ دشمن موت سے ڈرتا ہے، اور یہی جذبہ ہماری فتح کا ضامن بنا۔
ایوان نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن اب کبھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکے گا کیونکہ پاکستان کے غیور عوام اپنی محافظ افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ قرارداد کے ذریعے معرکہِ حق کے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور پاک فوج کی مزید سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
پنجاب اسمبلی کا پاک فوج کو سلام: معرکہِ حق کی پہلی سالگرہ پر تاریخی کامیابی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور
04:46 PM, 11 May, 2026