سپیریئر یونیورسٹی ایسا تعلیمی ادارہ ہے جو صرف ڈگریاں نہیں، بلکہ زندگی بدلنے والا وژن فراہم کرتا ہے: پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان

سپیریئر یونیورسٹی ایلومنائی ری یونین 2025، کامیابی، کردار سازی اور قومی خدمت کا عزم دہرایا گیا

09:23 PM, 11 Oct, 2025

لاہور:سپیریئر گروپ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کہا ہے کہ سپیریئر یونیورسٹی ایک ایسا تعلیمی ادارہ ہے جو صرف ڈگریاں نہیں، بلکہ زندگی بدلنے والا وژن فراہم کرتا ہے۔ ہمارا مشن ہے کہ ہر طالبعلم ایک باعمل، باکردار اور کامیاب انسان بنے، جو نہ صرف اپنی ذات بلکہ معاشرے کی بہتری کیلئے بھی کام کرے۔

وہ سپیریئر یونیورسٹی میں منعقدہ ایلومنائی ری یونین 2025 سے خطاب کر رہے تھے، جس میں سابق طلبہ، اساتذہ، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹرچوہدری عبدالرحمان نے کہا "آج کا دن ہمارے لیے کسی عید سے کم نہیں۔ آپ سب کی واپسی سے یہ درسگاہ ایک بار پھر زندہ ہو گئی ہے۔ سپیریئر یونیورسٹی کے در و دیوار آپ کے استقبال کے منتظر تھے۔

انہوں نے کہا کہ سپیریئر ایلومنائی ہمارے لیے صرف سابق طلبہ نہیں، بلکہ ہمارے خاندان کا حصہ ہیں۔
"دنیا کے 37 ممالک میں ہمارے تقریباً 50 ہزار فارغ التحصیل افراد خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے صرف تعلیم نہیں دی، اعتماد اور وژن بھی دیا۔"
پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے اپنے خطاب میں نبی اکرم ﷺ کی زندگی کو سپیریئر یونیورسٹی کا فکری ماڈل قرار دیا۔
"ہم نے جب دنیا کے کامیاب انسانوں کا مطالعہ کیا، تو ہمیں سب سے بلند اور کامل مثال ہمارے نبی ﷺ کی نظر آئی، جنہیں نبوت سے قبل ہی ’صادق‘ اور ’امین‘ کہا جاتا تھا۔ ان کی زندگی کا سب سے بڑا ہتھیار 'یقین' تھا۔"

انہوں نے زور دیا کہ "ہمیں اپنے بچوں کو ڈاکٹر، انجینئر، یا کاروباری بنانے سے پہلے ایک اچھا انسان بنانا سکھانا ہوگا۔ جھوٹ، فریب، اور بےصبری کے ساتھ ترقی ممکن نہیں۔ ہمیں سچائی، ایمانداری، صبر، شکر اور برداشت کی اقدار کو فروغ دینا ہو گا۔"
چیئرمین سپیریئر گروپ نے کہا کہ ان کا خواب ہے کہ سپیریئر کا ہر طالبعلم ایسا رول ماڈل بنے جسے دیکھ کر لوگ متاثر ہوں۔
"ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے جب میدانِ عمل میں اتریں تو لوگ اُنہیں دیکھ کر کہیں کہ یہی ہیں وہ نوجوان جو تبدیلی لا سکتے ہیں۔"

انہوں نے ایلومنائی کو "میرے سپر ہیروز" قرار دیتے ہوئے کہا کہ "یہی بچے، آج مختلف ممالک میں پاکستان کا مثبت چہرہ بنے ہوئے ہیں، اور ہم یقین رکھتے ہیں کہ سپیریئر یونیورسٹی ہمیشہ اس قوم کی ترقی میں کردار ادا کرتی رہے گی۔"
پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے اپنی زندگی کے ابتدائی دور کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا۔
"میں چوہدری عبدالخالق کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اُس وقت میرا حوصلہ بڑھایا جب میں کچھ بھی نہیں تھا۔ آج جو کچھ ہوں، اُن کی حوصلہ افزائی اور اعتماد کی بدولت ہوں۔"

مزیدخبریں