سفارتکاری ایک آرٹ ہے اور پاکستان اس کا فاتح بن کر ابھرا"، مریم اورنگزیب کا سہ فریقی مذاکرات پر اہم ردعمل

02:45 PM, 12 Apr, 2026

اسلام آباد :سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں ہونے والے پاک، امریکہ، ایران سہ فریقی مذاکرات کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک تاریخی اور فیصلہ کن موڑ قرار دیا ہے۔ اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے ان مذاکرات کو پاکستان کی سنجیدگی، استقامت اور بین الاقوامی وقار کا بہترین مظہر قرار دیا۔
مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈمارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو اس کامیاب سفارتی مشن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دور اندیش قیادت نے ثابت کر دیا ہے کہ ملک کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خود کو ایک غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے، جس سے عالمی امن کو نئی امید ملی ہے۔
گزشتہ چار روز کے دوران اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے انتظامات کا ذکر کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ پاکستان کی روایتی مہمان نوازی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سفارتکاری محض ایک ایونٹ کا نام نہیں بلکہ یہ ایک مسلسل عمل ہے جس میں پاکستان نے اپنی برتری ثابت کر دی ہے۔
پاکستان کی اس بڑی سفارتی کامیابی پر سمندر پار پاکستانیوں نے بھی گہری خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے۔ تارکینِ وطن کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اس فعال حکمتِ عملی نے عالمی سطح پر ان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور ملک کا مثبت تشخص نئی بلندیوں تک پہنچ گیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے اپنے بیان کے آخر میں "پاکستان ہمیشہ زندہ باد" کا نعرہ لگاتے ہوئے اسے قوم کی اجتماعی جیت قرار دیا۔

مزیدخبریں