پنجاب میں دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ، پی ڈی ایم اے نے سیلاب سے خبردار کر دیا

10:30 AM, 12 Aug, 2025

لاہور : پنجاب میں حالیہ بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جس کے نتیجے میں طغیانی کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق بھارت کی طرف سے آئندہ دو روز میں دریائے ستلج میں پانی چھوڑا جا سکتا ہے، جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ بھارت کے بڑے ڈیمز جیسے بھاکڑا، پونگ اور تھین میں پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔

پی ڈی ایم اے، محکمہ آبپاشی اور پاکستان ریورز اتھارٹی مل کر 24 گھنٹے دریاؤں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ گنڈا سنگھ کے مقام پر ستلج میں پانی کی سطح عارضی طور پر معمول پر آ گئی ہے، لیکن دوبارہ پانی بڑھنے کا خدشہ ہے۔

اسی طرح دریائے چناب کے مرالہ، خانکی اور قادر آباد کے علاقوں میں درمیانے سے شدید سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ دریائی علاقوں میں احتیاط کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ نقصان سے بچا جا سکے۔

مزیدخبریں