لاہور : آج دنیا بھر میں 12 اگست کو عالمی یوم نوجوان کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ یہ دن نوجوانوں کو درپیش مسائل پر توجہ دینے اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے مخصوص ہے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے 1999 میں 12 اگست کو نوجوانوں کا عالمی دن مقرر کیا تھا، جس کے بعد سے ہر سال اس دن کو مختلف موضوعات کے تحت منایا جاتا ہے تاکہ نوجوان نسل کی اہمیت اور ان کے چیلنجز کو اجاگر کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ دنیا میں ہر چار نوجوانوں میں سے ایک غربت کا شکار ہے جبکہ ہر پانچواں نوجوان روزگار سے محروم ہے۔ پاکستان، جو دنیا کا چھٹا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے، یہاں تقریباً 40 فیصد نوجوان غیر تعلیم یافتہ ہیں۔ نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنا ملک کی ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
عالمی یوم نوجوان کا مقصد نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کرنا اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت میں لگا سکیں۔