پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی سیکیورٹی سیف سٹی کے سپرد؛ رئیل ٹائم مانیٹرنگ کا آغاز

04:22 PM, 12 Feb, 2026

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے سرکاری ہسپتالوں کو اپنے جدید سرویلنس سسٹم سے منسلک کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مریضوں، ان کے لواحقین اور طبی عملے کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا اور ہنگامی صورتحال میں فوری پولیس رسپانس کو یقینی بنانا ہے۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں صوبے کے اہم طبی مراکز کو مرکزی کنٹرول روم سے جوڑ دیا گیا ہے۔     لاہور شہر کے 10 بڑے ہسپتال بشمول گنگا رام، لیڈی ایچی سن، جنرل ہسپتال، میاں منشی اور نواز شریف ہسپتال کے کیمرے سیف سٹی سسٹم کا حصہ بن چکے ہیں۔
 مجموعی طور پر پنجاب کے 35 سے زائد ہسپتالوں کو منسلک کیا گیا ہے، جن میں فیصل آباد، بہاولپور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سرگودھا کے طبی مراکز شامل ہیں۔
سیف سٹی کنٹرول روم سے ہسپتالوں کے مختلف حصوں کی 24 گھنٹے ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جا رہی ہے،مشکوک افراد اور گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر، ایمرجنسی، ان ڈور اور آؤٹ ڈور (OPD) وارڈز کی براہِ راست نگرانی، کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا ہنگامی صورتحال میں سیف سٹی کے ذریعے پولیس کی فوری مداخلت ممکن ہو سکے گی۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق، اس سسٹم کی بدولت ہسپتالوں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور طبی عملے کے خلاف تشدد یا چوری جیسے واقعات کی روک تھام میں بڑی مدد ملے گی۔ جدید سرویلنس سسٹم کے ذریعے اب ہسپتالوں کے چپے چپے پر پولیس کی ڈیجیٹل آنکھ موجود ہوگی۔

مزیدخبریں