پاکستان کی پہلی رائٹ مینجمنٹ پولیس فورس قائم، مریم نواز کا بڑا اقدام

04:24 PM, 12 Jul, 2025

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پاکستان کی پہلی باقاعدہ رائٹ مینجمنٹ پولیس فورس قائم کر دی گئی ہے۔ اس خصوصی فورس کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ، سرکاری و نجی املاک کی حفاظت، اور پُرتشدد مظاہروں کو پیشہ ورانہ انداز میں قابو میں لانا ہے۔
"پولیس ٹریننگ سنٹر فاروق آباد میں پہلے مرحلے کے تحت رائٹ مینجمنٹ فورس کے 3 ہزار اہلکاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق 8 ہفتوں پر مشتمل خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔۔ فورس کی مجموعی تعداد ابتدائی طور پر 5 ہزار اہلکاروں پر مشتمل ہوگی۔رائٹ مینجمنٹ فورس کو ترکی، یورپ اور امریکہ کے تربیتی ماڈلز کے مطابق تربیت دی گئی۔ اس تربیت میں مشتعل ہجوم کو کنٹرول کرنا، مذاکراتی حکمت عملی، اور ہجوم میں مداخلت کے جدید طریقے شامل تھے۔ فورس کو جدید حفاظتی آلات، ڈرونز، کمیونیکیشن گیئر، اور شیلڈز سمیت تمام ضروری سامان مہیا کیا گیا ہے۔
ہر ریجن میں تعیناتی کے لیے 250 اہلکاروں پر مشتمل یونٹس بنائے گئے ہیں، جنہیں 15 ذیلی ٹیموں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں شامل ہیں:

    کراؤڈ انگیجمنٹ ٹیم

    مذاکراتی ٹیم

    فرسٹ ایڈ یونٹ

    ڈرون ٹیم

    سنائپر ٹیم

    کے-نائن یونٹ (ڈاگ ہینڈلرز)

    گرفتاری اور انخلا ٹیمیں

پاسنگ آؤٹ تقریب:

پاسنگ آؤٹ پریڈ فاروق آباد میں منعقد ہوئی، جس میں ایڈیشنل آئی جی خرم شکور، ڈی آئی جی رائٹ مینجمنٹ اسد سرفراز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں نے عملی مظاہرہ کیا، جس میں انہوں نے ہجوم پر قابو پانے کی مختلف تکنیکیں پیش کیں۔

تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کو اعزازات سے نوازا گیا، جن میں انسپکٹر حافظ خرم شہزاد، سب انسپکٹر شان علی، اے ایس آئی سجاد ریاض اور ہیڈ کانسٹیبل نعیم نیاز شامل تھے۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کاکہنا ہے کہ    "رائٹ مینجمنٹ فورس کا قیام ایک اہم قدم ہے۔ یہ فورس پُرامن ماحول کو یقینی بنانے، مظاہرین کے حملوں سے املاک کو بچانے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔"

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشتعل ہجوم کے حملے نہ صرف داخلی طور پر نقصان دہ ہوتے ہیں بلکہ پاکستان کی عالمی ساکھ کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ یہ فورس قانون کی بالادستی اور پیشہ ورانہ ردعمل کا عملی مظہر بنے گی۔

مزیدخبریں