لاہور: شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کا شکنجہ مزید سخت ہو گیا ہے۔ مختلف جرائم میں ملوث اور نصف سینچری سے زائد وارداتوں کا مرتکب 4 پیشہ ور ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مجموعی طور پر 248 سے زائد مقدمات درج ہیں۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق ملزمان کو ملت پارک، مغلپورہ اور نواں کوٹ سے گرفتار کیا گیا، جبکہ کارروائی سٹاپ اینڈ سرچ اور سنیپ چیکنگ کے دوران انجام دی گئی۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق یہ چاروں ملزمان راہزنی گینگز کے سرغنہ ہیں اور مختلف تھانوں کی پولیس کو مطلوب تھے۔
گرفتار ملزمان انعام، عارف، ارسلان اور تیمور پر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات درج ہیں۔ ملزمان کو متعلقہ تھانوں ملت پارک، مغلپورہ اور نواں کوٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد نے کہا ہے کہ سٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور کرائم ہاٹ سپاٹس و کرائم پاکٹس پر ڈولفن ٹیمیں ٹارگٹڈ کارروائیاں کریں گی۔