وزیراعلیٰ مریم نواز کا ہر فیصلہ عوامی مفاد کے لیے ہے، کچے کی ترقی کے لیے 23 ارب روپے مختص: عظمیٰ بخاری

11:15 AM, 12 May, 2026

لاہور :پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کابینہ ہر اجلاس میں عوام کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ کابینہ کے حالیہ اجلاس کے فیصلوں سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت نے عوامی سہولت کے لیے بڑے اور انقلابی اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے اپنی انشورنس کمپنی قائم کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔    اس کمپنی کے ذریعے پنجاب کے تمام سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کو انشورنس کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ اقدام شہریوں کو معاشی اور سماجی تحفظ فراہم کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق کابینہ نے کچے کے علاقے میں کامیاب گرینڈ آپریشن کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ      پہلی مرتبہ کچے کی پائیدار ترقی کے لیے 23 ارب روپے کا خصوصی فنڈ مختص کیا گیا ہے۔
    کچے کے علاقوں میں سڑکوں، اسکولوں اور ہسپتالوں کا جال بچھایا جائے گا تاکہ وہاں کے عوام کا احساسِ محرومی ختم ہو سکے۔عظمیٰ بخاری نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ کچے کے رہائشیوں کو "اپنا کھیت، اپنا روزگار" اسکیم میں خصوصی طور پر ترجیح دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا وژن ہے کہ کچے کے لوگوں کو اسلحہ کے بجائے روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

مزیدخبریں