لاہور: حضرت داتا علی ہجویریؒ کے 982 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز

12:51 PM, 13 Aug, 2025

لاہور  : لاہور میں حضرت داتا علی ہجویریؒ کے 982 ویں عرس کی تین روزہ روحانی تقریبات آج سے شروع ہو گئی ہیں جو 13 سے 15 اگست تک جاری رہیں گی۔ ملک بھر سے عقیدت مند زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جنہیں خوش آمدید کہنے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

حضرت داتا علی ہجویریؒ، جنہیں داتا صاحبؒ کے نام سے جانا جاتا ہے، تقریباً ایک ہزار سال قبل افغانستان سے لاہور تشریف لائے اور بھاٹی دروازے کے قریب قیام فرمایا۔ آپ کی شخصیت اور تصنیف "کشف المحجوب" تصوف کی اہم ترین کتابوں میں شمار کی جاتی ہے، اور آپ کے اخلاق نے مختلف مذہبی طبقات کو اسلام کی جانب راغب کیا۔

عرس کی مناسبت سے قرأت، نعت خوانی اور سماع کی محفلیں منعقد کی جائیں گی جو روحانی سکون کا باعث بنیں گی۔ زائرین کے لیے لنگر خانہ، دودھ کی سبیلیں اور مٹھائی کی دکانیں بھی لگائی گئی ہیں تاکہ ہر زائر کو سہولت میسر ہو۔

پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے دربار کے اطراف کا معائنہ کیا اور زائرین کے لیے داخلی و خارجی راستوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کیا گیا ہے، جبکہ بلال گنج اور کربلا گامے شاہ کے اطراف کے راستے بھی بند ہیں، تاہم موٹر سائیکل اور پیدل چلنے والوں کے لیے مخصوص گزرگاہیں موجود ہیں۔

پنجاب حکومت نے اس موقع پر 15 اگست کو لاہور میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ایم سی ایل، ایل ڈی اے، ٹیپا، واسا، پی ایچ اے اور دیگر متعلقہ ادارے بند رہیں گے، جبکہ سول سیکرٹریٹ اور ماتحت ادارے کھلے رہیں گے۔

عرس کی یہ روحانی محافل لاہور میں عقیدت مندوں کے لیے علم و عرفان کا خزانہ ثابت ہوتی ہیں اور لاکھوں افراد اس موقع پر شرکت کرتے ہیں تاکہ روحانی سکون حاصل کیا جا سکے۔

مزیدخبریں