پاکستان بھر میں جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر، 14 اگست کا دن قریب

03:05 PM, 13 Aug, 2025

لاہور:ملک بھر میں 14 اگست، یومِ آزادی کی تقریبات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، پشاور سمیت تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں جشن آزادی کی جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

 مختلف بازاروں اور سٹالز پر قومی پرچم، بیجز، جھنڈیاں اور دیگر قومی اشیاء کی فروخت جاری ہے، جنہیں شہری بڑی تعداد میں خرید رہے ہیں۔ پرچم کے رنگوں سے مزین کھلونے، شرٹس اور سٹیکرز خاص طور پر مقبول ہیں۔

پنجاب میں اس سال جشن آزادی کی تقریبات کو منفرد انداز میں منانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، جہاں معرکہ حق کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ لاہور میں سرکاری سطح پر حضوری باغ اور مینار پاکستان کو سجانے کا عمل جاری ہے۔

یوم آزادی کے موقع پر شعراء اور ادباء نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ شروع کر دیا ہے، جہاں مختلف شہروں میں مشاعرے اور ثقافتی پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں۔ جامعات میں طلبہ کے ثقافتی مقابلے، خاکے، ڈرامے اور کھیلوں کے پروگرامز بھی زیرِ انعقاد ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ یوم آزادی صرف ایک دن نہیں بلکہ قومی وحدت، قربانیوں کی یاد اور حب الوطنی کا دن ہے، جسے ہر سال جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔

یوم آزادی ملک کے بانیوں کی قربانیوں کی یاد دہانی اور وطن کے لیے کی جانے والی جدوجہد کا ثبوت ہے، جس کے موقع پر پورے ملک میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں