لاہور: گلشن راوی میں پولیس کی مؤثر کارروائی، اغوا شدہ سیکیورٹی گارڈ بازیاب، دو افراد گرفتار

08:34 PM, 13 Jul, 2025

لاہور:لاہور کے علاقے گلشن راوی میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اغوا ہونے والے سیکیورٹی گارڈ صابر کو بحفاظت بازیاب کروا لیا، جب کہ واقعے میں ملوث دو ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق صابر مقامی اسنوکر کلب کے باہر بطور سیکیورٹی گارڈ خدمات انجام دے رہا تھا۔ گاڑی پارکنگ کے تنازع پر جھگڑا ہوا، جس کے دوران ملزمان نے صابر پر تشدد کیا اور اسے زبردستی گاڑی میں ڈال کر اغوا کر لیا۔

ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کے مطابق واقعے کی مکمل ویڈیو قریبی سیکیورٹی کیمروں میں محفوظ ہو گئی تھی، جس کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی گئی۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے افراد کی شناخت امیر حمزہ اور شہباز کے طور پر ہوئی ہے، جب کہ واقعے میں استعمال کی گئی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ صابر کے رشتہ دار احمد علی کی جانب سے پولیس کو رپورٹ درج کروائی گئی۔

ایس پی اقبال ٹاؤن کے مطابق دونوں ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں