لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون بارشوں کے پیش نظر صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور فیلڈ افسران کو ہر وقت متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بارشوں کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بارشی پانی کی فوری نکاسی کے لیے واسا کے آپریشنز کی مسلسل نگرانی اور مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، جبکہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز بھی مکمل طور پر الرٹ رہیں۔ وزیراعلیٰ نے ریسکیو 1122، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو مشینری اور عملے سمیت ہر ممکن ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نشیبی علاقوں، چوکنگ پوائنٹس اور شہری علاقوں میں بارش کا پانی جمع نہ ہونے دینے پر بھی زور دیا، جبکہ محکمہ آبپاشی کی ٹیموں کو بھی مکمل الرٹ رہنے کا حکم دیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت تعلیم سے متعلق خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے لیے ڈیجیٹل میکانزم کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبہ بھر میں ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن کے لیے تجاویز طلب کی گئیں، جبکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) کے اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کو لازمی قرار دیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ایک لاکھ 38 ہزار پیف اساتذہ کے بینک اکاؤنٹس کھولے جائیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکاری سکولوں میں دو سال چار ماہ کے دوران 43 لاکھ طلبہ کی انرولمنٹ کا ہدف مکمل کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کو ہدایت کی کہ وہ ہر ہفتے کسی نہ کسی سرکاری اسکول میں خود جا کر کلاس لیں، تاکہ تعلیمی نظام میں عملی نگرانی اور بہتری کو فروغ دیا جا سکے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ممتاز کارٹونسٹ شوکت محمود میکسم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنے فن کے ذریعے اسلامی فنِ تعمیر کو بھی منفرد انداز میں اجاگر کیا، اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔