پنجاب میں گرد آلود ہواؤں اور بارش کا امکان، مختلف اضلاع کیلئے الرٹ جاری

01:37 AM, 13 Jun, 2026

لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرد آلود ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں موجود کمزور موسمی سسٹم کے باعث آج اور آئندہ گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک جانے کی توقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد سمیت متعدد اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان، کوٹ ادو اور منڈی بہاالدین میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آندھی اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور کھلے مقامات سے گریز کریں۔ کسانوں اور سیاحوں کو بھی موسمی صورتحال کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزیدخبریں