لاہور: پنجاب کے بیشتر اضلاع میں کل سے 16 مارچ تک بارشوں کی پیشگوئی کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مغربی ہواؤں کے سسٹم کے باعث صوبے کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ درج ذیل علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال اور تلہ گنگ میں بادل برسیں گے۔
گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، گجرات اور شیخوپورہ میں بارش کی توقع ہے۔سرگودھا، میانوالی اور خوشاب میں بھی بادلوں کے برسنے کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لیے مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔مری میں سیاحوں کی آمد و رفت اور برفباری یا لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر ٹریفک پولیس اور ریسکیو اداروں کو چوکنا کر دیا گیا ہے۔
شہریوں کے لیے ایڈوائزری: پی ڈی ایم اے نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں۔
پنجاب بھر میں کل سے بارشوں کا نیا سلسلہ: پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
04:25 PM, 13 Mar, 2026