لاہور: عید الفطر کے قریب آتے ہی شہر بھر کے بازاروں میں خریداروں کا تانتا بندھ گیا ہے۔ میٹھی عید کی تیاریوں نے زور پکڑ لیا ہے اور بازار رنگ برنگی اشیاء سے سج گئے ہیں، جہاں خواتین اور بچوں کا بے پناہ رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔شہر کے تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز اس وقت دلہن کی طرح سجے ہوئے ہیں۔
کانچ کی روایتی چوڑیوں کے ساتھ ساتھ کشمیری چوڑیاں اور میٹل کی چوڑیاں مرکزِ نگاہ بنی ہوئی ہیں۔ہار، جھومر، بالیاں اور بھاری بھرکم جھمکے اسٹالز کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ بازاروں میں جگہ جگہ مہندی لگانے کے اسٹالز لگ گئے ہیں جہاں لڑکیاں اور خواتین اپنی پسند کے ڈیزائن بنوا رہی ہیں۔
خریداری میں مصروف خواتین کا کہنا ہے کہ عید کی خوشیاں ان لوازمات کے بغیر ادھوری ہیں۔ ایک خریدار خاتون کے مطابق "عید کا اصل مزہ تو مہندی لگے ہاتھوں، کھنکتی چوڑیوں اور کانوں میں لٹکتے جھمکوں سے ہی آتا ہے۔ یہ روایات ہماری عید کو یادگار بناتی ہیں۔
میٹھی عید کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع: بازاروں میں رونقیں، چوڑیوں اور مہندی کی مانگ میں اضافہ
08:40 PM, 13 Mar, 2026