گورنر ہاؤس میں 81 نامور شخصیات کو اعلیٰ ترین سول و صدارتی اعزازات سے نواز دیا گیا

09:21 PM, 13 May, 2026

لاہور:گورنر ہاؤس لاہور میں آج ایک یادگار اور پروقار تقریبِ تقسیمِ اعزازات منعقد ہوئی، جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنے والے 81 سپوتوں کی خدمات کو سرکاری سطح پر تسلیم کیا گیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے صدرِ مملکت کی جانب سے ان مشاہیر کو ستارہ امتیاز، تمغہ شجاعت اور صدارتی اعزاز برائے حسنِ کارکردگی عطا کیے۔
شعبہ فن و ثقافت میں دہائیوں تک اپنی شناخت برقرار رکھنے والی مایہ ناز اداکارہ ثمینہ پیرزادہ، ورسٹائل اداکار عرفان کھوسٹ اور عذرا آفتاب کو ستارہ امتیاز سے سرفراز کیا گیا۔ موسیقی کی دنیا میں اپنی آواز کا جادو جگانے والی حدیقہ کیانی، حمیرا ارشد اور سائرہ نسیم بھی اعلیٰ سول اعزاز پانے والوں میں شامل تھیں۔
ادب کی آبیاری کرنے والے نصیر احمد ناصر، رضا اللہ شاہ عارف نوشاہی اور سلیمہ ہاشمی کو ان کے علمی و فنی سرمایے پر ستارہ امتیاز دیا گیا۔ کھیلوں کے میدان میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے والے پیرا ایتھلیٹ حیدر علی اور صحافتی اقدار کی پاسداری پر ارشد انصاری و بینش سلیم کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔
تقریب کا سب سے رقت آمیز اور فخر سے لبریز لمحہ وہ تھا جب وطن کی حرمت پر قربان ہونے والے شہداء کی پذیرائی کی گئی۔ عدنان فاروق قریشی شہید اور محمد نعیم اختر (بعد از وفات) کو ان کی عظیم شجاعت پر تمغہ شجاعت پیش کیا گیا۔ میجر ڈاکٹر سلمیٰ ضمیر خان کو بھی ان کی بہادری پر خصوصی صدارتی اعزاز سے نوازا گیا۔
تقریب کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس میں چین، امریکہ، ایران اور ترکیہ کے قونصل جنرلز نے خصوصی شرکت کی۔ صوبائی قیادت میں ڈپٹی سپیکر اقبال چنڑ اور دیگر اہم سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اعزازات پانے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ  "یہ تمغے محض دھات کے ٹکڑے نہیں بلکہ ریاست کی جانب سے آپ کی محنت اور حب الوطنی کا اعتراف ہیں۔ آپ کی کامیابیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

مزیدخبریں