ہم 40 سال میں پاکستان کو وہاں نہیں لے جا سکے جہاں اسے جانا چاہیے تھا، چئیرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان

12:26 PM, 13 Nov, 2025

سیالکوٹ : یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (ایپ سپ) کی جانب سے "2030 کا پاکستان، چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں" کے موضوع پر ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار کا مقصد نوجوانوں کو پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا اور انہیں درپیش چیلنجز اور امکانات سے آگاہ کیا گیا۔

ایپ سپ کے چیئرمین، پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بنے 80 سال ہو چکے ہیں اور 20 سال بعد ہمارا ملک 100 سال کا ہو جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ آپ کیسا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے آپ کی ذمہ داری کیا ہے؟"

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے 80 سال گزارے ہیں، لیکن یہ وہ منزل نہیں جہاں ہمیں پہنچنا چاہیے تھا۔ "پاکستان میں 95 فیصد مسلمان آباد ہیں، لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ہم ابھی تک نبی پاک ﷺ کی سچی رہنمائی کے اصولوں کو مکمل طور پر اپنا نہیں سکے۔"

ان کا کہنا تھا کہ نبی ﷺ کی شخصیت ایک بہترین رول ماڈل ہے، جس پر عمل کرکے ہم اپنی قوم کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ "اگر ہم سوسائٹی میں تبدیلی چاہتے ہیں تو سب سے پہلے خود کو تبدیل کرنا ہوگا۔"

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے سیالکوٹ کے وسائل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان وسائل کو مقامی ترقی کے لیے استعمال کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے میاں عامر محمود کی رہنمائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "میاں عامر محمود نوجوانوں کے لیے ایک اچھے لیڈر کی مثال ہیں، اور وہ خود جا کر تبدیلی لا رہے ہیں۔"

سیمینار میں  پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے ملک کی موجودہ اقتصادی اور سماجی صورتحال پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ "پاکستان آج کل اقتصادی بحران کا سامنا کر رہا ہے، اور غربت و بیروزگاری میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔"

نوجوانوں کی موجودہ ذہنیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ "نوجوان راتوں رات امیر بننے کی خواہش رکھتے ہیں، لیکن اصل مسئلہ نوجوانوں کا نہیں بلکہ ان کی رہنمائی کرنے والی فیکلٹی کی کارکردگی کا ہے، جو انہیں صحیح راستے پر گامزن کرنے میں ناکام رہی ہے۔"

آخر میں پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ اگر وہ اپنی شخصیت اور کردار کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو انہیں ایک مضبوط رول ماڈل اپنانا ہوگا اور اس کی تقلید کرنا ہوگی۔ "اگر نوجوان اس رول ماڈل کو فالو کریں گے، تو کامیابی ان کے قدم چومے گی۔"

مزیدخبریں