وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں علماء کرام سے ملاقاتیں، امن و اتحاد پر تبادلہ خیال

03:51 PM, 13 Nov, 2025

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں علماء کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر صحت اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، خواجہ سلمان رفیق، نے رابطتہ المدارس پاکستان کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کی۔

ملاقات کے دوران امن و امان کی صورتحال اور اتحاد بین المسلمین پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب پورے صوبے میں اتحاد بین المذاہب اور اتحاد بین المسلمین کو فروغ دے رہی ہے اور صوبہ بھر میں قیام امن کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام کے ساتھ ملاقاتوں کے مثبت، پائیدار اور مؤثر نتائج سامنے آئیں گے اور آج پوری دنیا میں پاکستان کو ایک مضبوط ریاست کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

علماء کرام نے اداروں اور نظام مدارس کے درمیان بہترین ہم آہنگی کے لیے سفارشات بھی پیش کیں۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری، ڈی آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی احسان جمالی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب چیریٹیز کمیشن کرنل شہزاد عامر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

علماء کرام کے وفد میں نائب صدر مولانا عطاء الرحمن مدنی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید قطب علی، صوبائی صدر مولانا عبد الرزاق، صوبائی نائب صدر مولانا ضیاء الرحمن قاسمی، ناظم دفتر آفتاب احمد شاہجانی، نمائندے مولانا سجاد احمد اور مولانا خالد احمد، اور مولانا حبیب الرحمن شامل تھے۔

مزیدخبریں