لاہور : ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) پنجاب نے موٹروے کے گرد واقع اینٹوں کے بھٹوں کی تاریخ میں پہلی بار ماحولیاتی کمپلائنس رپورٹ جاری کر دی ہے۔ نمائندہ لاہور رنگ اسامہ جہانگیر کی رپورٹ کے مطابق ای پی اے ٹیموں نے موٹروے کے اطراف واقع 108 بھٹوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق 71 بھٹے جدید زِگ زَیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے ہیں، جو سفید دھواں خارج کرتے ہوئے ماحولیاتی اصولوں کے مطابق کام کر رہے ہیں، جبکہ باقی 37 بھٹے فی الوقت غیر فعال ہیں اور ان سے کسی قسم کا فضائی اخراج نہیں ہو رہا۔
ای پی اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کیے گئے اس معائنے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی، خصوصاً سموگ پر قابو پانا اور بھٹہ انڈسٹری کو جدید اور صاف ٹیکنالوجی کی طرف منتقل کرنا ہے۔
ای پی اے حکام کا کہنا ہے کہ سیاہ دھواں خارج کرنے والے بھٹوں کی نشاندہی اور مکمل میپنگ کی جا چکی ہے، اور اب تک کسی بھٹے کو سیل، مسمار، جرمانہ یا ایف آئی آر درج کرنے کی نوبت نہیں آئی جو بھٹہ مالکان کے ساتھ تعاون اور آگاہی مہم کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "زِگ زَیگ ٹیکنالوجی کی منتقلی سے نہ صرف فضائی آلودگی کم ہوئی ہے بلکہ سموگ پر قابو پانے میں بھی بڑی مدد ملی ہے۔"