لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر کے بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کی بہتری کے لیے متعدد بڑے روڈ پراجیکٹس کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں عوامی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔
صوبے کی پہلی 'ڈسٹ فری' سڑک: وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ ملتان-وہاڑی روڈ، جو کہ پنجاب کی پہلی گرد و غبار سے پاک (Dust Free) سڑک ہوگی، اس کی بیس اور سب بیس کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے اسفالٹ ڈالنے کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔
صوبائی دارالحکومت کے باسیوں کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے مریم نواز نے لاہور رنگ روڈ کے سدرن لوپ فور (SL-4) پراجیکٹ کی باقاعدہ منظوری دے دی۔ اس منصوبے سے شہر کے ٹریفک نظام میں بڑی تبدیلی آئے گی۔اجلاس میں سیالکوٹ رنگ روڈ کے پہلے مرحلے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ یہ رنگ روڈ وزیر آباد روڈ سے شروع ہو کر سیالکوٹ-پسرور روڈ تک تعمیر کیا جائے گا، جس سے صنعتی شہر کی نقل و حمل میں آسانی ہوگی۔
راولپنڈی کے شہریوں کے لیے سگنل فری کوریڈور پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت شہر کے مختلف حصوں میں 7 جدید انڈر پاس اور ایک اوور ہیڈ برج تعمیر کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کا جام ہونا ماضی کا قصہ بن جائے۔
مریم نواز کا پنجاب میں سڑکوں کے جال بچھانے کا حکم؛ لاہور، سیالکوٹ اور راولپنڈی کے لیے میگا پراجیکٹس کی منظوری
04:04 PM, 14 Apr, 2026