اسلام آباد: پاور ڈویژن پاکستان نے ملک بھر میں بجلی کی کھپت کو کنٹرول کرنے اور قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو روکنے کے لیے روزانہ سوا دو گھنٹے لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق، بجلی کی بندش شام 5 بجے سے رات 1 بجے کے درمیان مختلف اوقات میں کی جائے گی۔ اس دورانیے کو 'پیک آورز' قرار دیا گیا ہے، جس میں بجلی کی طلب اپنی انتہا پر ہوتی ہے اور سسٹم پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت طلب کو پورا کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ پیک آورز میں طلب پوری کرنے کے لیے مہنگے ایندھن کا استعمال کرنا پڑتا ہے، جس کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا شدید خطرہ ہے۔ حکومت اس کوشش میں ہے کہ مہنگے پاور پلانٹس چلانے کے بجائے طلب کو مینج کیا جائے تاکہ عوام پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے۔
پاور ڈویژن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شام کے اوقات میں بجلی کا استعمال کم سے کم کریں۔ طلب میں کمی لا کر قیمتوں میں ہونے والے ممکنہ اضافے کو روکا جا سکتا ہے۔ غیر ضروری لائٹس اور بھاری برقی آلات کے استعمال سے گریز کریں۔حکام کا ماننا ہے کہ اگر صارفین تعاون کریں اور طلب میں کمی آئے، تو لوڈشیڈنگ کے دورانیے اور بجلی کی قیمت، دونوں کو قابو میں رکھا جا سکے گا۔
ملک بھر میں روزانہ سوا دو گھنٹے لوڈشیڈنگ کا اعلان: شام 5 سے رات 1 بجے تک بجلی بند رہے گی
06:54 PM, 14 Apr, 2026