سیف سٹی اتھارٹی کا ڈرون ٹیکنالوجی سے بڑا ایکشن: صوبہ بھر میں نگرانی اور ریسکیو آپریشنز تیز

06:57 PM, 14 Apr, 2026

لاہور: شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) نے جدید ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے صوبہ بھر میں نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنا دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق، ڈرون سرویلنس کی بدولت فیلڈ فورسز کی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔
سیف سٹی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران ایمرجنسی ون فائیو (15) کالز اور کرائم ہاٹ اسپاٹس (وہ علاقے جہاں جرائم کی شرح زیادہ ہے) پر ڈرونز کے ذریعے کڑی نظر رکھی گئی۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فیلڈ فورس نے فوری ایکشن لے کر جرائم کی روک تھام کو یقینی بنایا۔جدید ٹیکنالوجی کا استعمال صرف جرائم تک محدود نہیں رہا۔
 لاہور کے علاقے گلبرگ میں ڈرون کے ذریعے ایک پھنسی ہوئی چیل کی نشاندہی کی گئی، جس پر ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پرندے کو بحفاظت ریسکیو کیا۔ مختلف علاقوں میں فیکٹریوں سے نکلنے والے غیر قانونی دھوئیں کی نشاندہی بھی ڈرونز کے ذریعے کی گئی، جس کے بعد متعلقہ اداروں نے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی۔
نیازی اڈہ کے قریب ٹریفک کے سنگین مسائل اور رکاوٹوں کی بروقت نشاندہی ڈرون کیمروں سے کی گئی، جس سے ٹریفک پولیس کو روانی بحال کرنے میں مدد ملی۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے زمین پر موجود فورسز کو ریئل ٹائم معلومات فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے ریسپانس ٹائم میں کمی اور آپریشنز کی کامیابی میں اضافہ ہوا ہے۔

مزیدخبریں