اسلام آباد: آج پورے ملک میں 78واں یومِ آزادی نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اُٹھی اور مساجد میں نمازِ فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
ملک کے مختلف شہروں، گلیوں اور سڑکوں کو سبز ہلالی پرچم کے رنگوں سے مزین کیا گیا، اور سرکاری و رہائشی عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ رات 12 بجتے ہی اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور دیگر شہروں میں شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس نے آسمان کو رنگ و نور سے بھر دیا۔
پاکستان نیول اکیڈمی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب بھی ہوئی، جس میں کیڈٹس اور پاک بحریہ کے سیلرز نے اعزازی گارڈز کے فرائض انجام دیے، اور کمانڈنٹ کموڈور تصور اقبال نے مزار قائدؒ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بھی اپنے وطن کی آزادی کا جشن جوش و جذبے سے منا رہے ہیں، اور سفارت خانوں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
نئی بات میڈیا نیٹ ورک کی جانب سے قوم کو جشنِ آزادی کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔