لاہور:چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ بھارت کے حامیوں اور پاکستان کے خلاف سرگرم عناصر کو پکڑنے کا وقت آ گیا ہے، جبکہ فیض حمید کو دی جانے والی سزا پاکستان میں ایک نئے دور کے آغاز کی علامت ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات اور فارن فنڈنگ میں ملوث عناصر کا بھی کڑا احتساب کیا جائے گا، جبکہ ملک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف منظم پروپیگنڈا کرنے والے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت اور اسرائیل سے چل رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی مخالفت کرنے والوں کے لیے اب ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
رانا مشہود احمد نے مزید کہا کہ ملکی سلامتی اور استحکام پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رہے گی۔