لاہور: ملک بھر میں مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ داخل ہونے کے لیے تیار ہے، جس کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج سے 16 مارچ کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے ممکنہ صورتحال کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق درج ذیل اضلاع میں بادل برسنے کا قوی امکان ہے ۔ لاہور، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجرانوالہ۔حافظ آباد، سرگودھا، شیخوپورہ اور منڈی بہاؤالدین میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کے لیے مشینری تیار رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔
بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں: بارش اور آندھی کے دوران بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے فاصلہ برقرار رکھیں۔ موٹر وے اور ہائی وے پر سفر کرنے والے ڈرائیور حضرات بارش کے دوران رفتار کم رکھیں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ کاشتکار موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں کی آبیاری اور کٹائی کے معاملات ترتیب دیں۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارشوں کا نیا سسٹم تیار: PDMA کا الرٹ جاری
03:36 PM, 14 Mar, 2026