عید کی تیاریاں عروج پر: مارکیٹوں میں رش، ڈی آئی جی ٹریفک کا اسپیشل سکیورٹی اور ٹریفک پلان جاری

03:41 PM, 14 Mar, 2026

لاہور: عید الفطر کی آمد کے ساتھ ہی شہر کی معروف مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں خریداری کے لیے شہریوں کا تانتا بندھ گیا ہے۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے اہم اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام چیف ٹریفک آفیسرز (CTOs) اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز (DTOs) کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں درج ذیل اہم نکات پر زور دیا گیا۔ تمام اضلاع میں مارکیٹوں کے لیے خصوصی ڈیوٹی پلان مرتب کیے جائیں تاکہ خریداروں کو آمد و رفت میں دشواری نہ ہو۔
 افطار کے وقت اور رات کو شاپنگ کے اوقات میں ٹریفک کی روانی کو ہر صورت مؤثر بنایا جائے۔ رش والے مقامات پر ٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے واضح کیا کہ شاہراہوں پر تجاوزات اور غلط پارکنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ ٹریفک کا بہاؤ متاثر نہ ہو۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیاں مقررہ پارکنگ اسٹینڈز پر کھڑی کریں تاکہ دوسرے شہریوں کو راستہ مل سکے۔

مزیدخبریں