لاہور/کراچی: عید الفطر کی آمد میں محض چند دن باقی رہ گئے ہیں، جس کے ساتھ ہی اپنے پیاروں کے ساتھ عید منانے کے لیے پردیسیوں نے آبائی علاقوں کی جانب واپسی کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق کراچی، کوئٹہ اور دیگر بڑے شہروں سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ عید کے پیشِ نظر مسافروں کا بے پناہ رش ہے۔ٹرینوں کی 90 فیصد سے زائد بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔ 17 مارچ سے 24 مارچ تک کی تمام ٹرینوں میں اب صرف 10 فیصد نشستیں باقی رہ گئی ہیں۔ لاہور ریلوے اسٹیشن کے بکنگ کاؤنٹرز پر مسافروں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں اور ٹکٹوں کے حصول کے لیے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔
مسافروں کے غیر معمولی رش کو دیکھتے ہوئے ریلوے انتظامیہ متبادل انتظامات پر غور کر رہی ہے۔ اگرچہ تاحال عید سپیشل ٹرینیں چلانے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مسافروں کی سہولت کے لیے 3 سے 4 عید سپیشل ٹرینیں چلائی جا سکتی ہیں۔
ریلوے حکام جلد ہی اضافی ٹرینوں کے شیڈول کا اعلان کریں گے تاکہ بکنگ سے محروم رہ جانے والے مسافروں کو ریلیف مل سکے۔
عید الفطر کی تیاریاں: ٹرینوں کی 90 فیصد بکنگ مکمل، پردیسیوں کا ریلوے سٹیشنز پر ہجوم
03:44 PM, 14 Mar, 2026