لاہور: تعلیمی بورڈز کے تحت ہونے والے میٹرک کے امتحانات کو شفاف بنانے اور بوٹی مافیا کے سدِباب کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لے لیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے حساس قرار دیے گئے امتحانی مراکز میں امیدواروں کی بائیو میٹرک حاضری کے نفاذ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
امتحانی عمل کی نگرانی کے لیے درج ذیل اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ حساس امتحانی مراکز میں 6 ہزار سے زائد طلبہ کی بائیو میٹرک حاضری کا عمل جاری ہے، جس کا مقصد اصل امیدوار کی جگہ کسی دوسرے شخص کے امتحان دینے کے امکان کو ختم کرنا ہے۔تمام تعلیمی بورڈز کے تحت ہونے والے امتحانات کی مانیٹرنگ کے لیے امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔
امتحانی مراکز کی لائیو فیڈ کے ذریعے آن لائن مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف نقل پر قابو پایا جا سکے گا بلکہ امتحانی عملے کی کارکردگی پر بھی نظر رکھی جائے گی۔
تعلیمی بورڈز کے حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد امتحانی نظام کی ساکھ کو بحال کرنا اور میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔ آن لائن مانیٹرنگ اور بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں رہے گی۔