لاہور: حکومتِ پنجاب نے بچوں کو خسرہ سے محفوظ رکھنے کے لیے بڑا عملی قدم اٹھاتے ہوئے صوبے بھر کے سکولوں میں خسرہ ویکسین لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت اجلاس میں لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری صحت و آبادی، سیکرٹری سکول ایجوکیشن، سپیشل سیکرٹری صحت، ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم، اے ایس ٹیکنیکل، اے ایس ورٹیکل پروگرام سمیت مختلف افسران شریک ہوئے، جب کہ صوبے بھر کے سی ای اوز صحت و تعلیم نے آن لائن شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ہر بچے کو صحت مند اور توانا دیکھنا چاہتی ہیں، اسی مقصد کے تحت خسرہ ویکسین مہم 17 نومبر سے شروع کی جا رہی ہے۔
خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر ہدایت کی کہ خسرہ ویکسین کے ساتھ ساتھ 11 منتخب اضلاع میں پولیو کے قطرے بھی پلائے جائیں تاکہ بچوں کو بیماریوں سے مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔