وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سبزیوں اور روزمرہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے اہم اجلاس

12:55 PM, 14 Oct, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سبزیوں اور روزمرہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر قابو پانے سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی تاکہ عوام کو سستی اور دستیاب سبزیاں فراہم کی جا سکیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں کی فراہمی کی نگرانی اور ان کی قیمتوں کا مؤثر کنٹرول حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہر دکان پر نرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں گے، اور ہر بازار کے داخلی راستے پر بھی ریٹ لسٹ لگانے کی ہدایت کی گئی۔ اس کے علاوہ، قیمتوں کے کنٹرول اور فراہمی کی مانیٹرنگ کے لیے ایک جدید ایپلی کیشن تیار کی جائے گی جس کے ذریعے سبزیوں، دالوں، گندم اور آٹے کے سٹاک، نرخ اور دیگر تفصیلات کی نگرانی کی جائے گی۔

پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے وزیراعلیٰ کو سٹریٹجک پلان پیش کیا گیا، جس میں سبزیوں کی منڈیوں میں ٹرکوں کی ٹریکنگ اور گندم کی پسائی کی نگرانی کا نظام شامل ہے۔ اجلاس میں پنجاب بھر میں سبزیوں کے لیے یکساں طرز اور ڈیزائن کی ریڑھیاں فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ مارکیٹ کی حالت کو بہتر بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی کہ منڈیوں میں صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے میکینیکل سویپرز استعمال کیے جائیں اور مارکیٹ سٹاف کے لیے یکساں یونیفارم اور شاپس فراہم کی جائیں۔

رمضان میں عوام کو سستے داموں اشیاء فراہم کرنے کے لیے رمضان پیکج اور محلے کی سطح پر سستے سٹالز لگانے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس میں کہا کہ حکومت کے تمام اقدامات کا عوامی سطح پر واضح اثر دکھائی دینا چاہیے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور قیمتوں میں کمی ممکن ہو۔ 

مزیدخبریں