لاہور: صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی (PHOTA) میں بون میرو ٹرانسپلانٹیشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پراجیکٹ کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر بون میرو ٹرانسپلانٹیشن پراجیکٹ کو جلد از جلد شروع کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی قیمتی تجاویز پر غور کیا گیا ہے تاکہ علاج کے دوران مریضوں کی مکمل حفاظت اور معیاری سہولیات یقینی بنائی جا سکیں۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ "چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام"، "چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام" اور "چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام" حکومت پنجاب کے فلیگ شپ منصوبے ہیں، جن کے تحت صحت کی جدید سہولیات عوام تک پہنچائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ "چیف منسٹرز اسپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام" کے تحت پی-ہوٹا کو مزید مشاورت اور برین اسٹارمنگ کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ اس موقع پر غیر قانونی انسانی اعضاء کی پیوندکاری کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔