لاہور: پنجاب میں فصلوں کی باقیات (سٹبل) جلانے کی روک تھام کے لیے ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) نے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔نمائندہ لاہور رنگ اسامہ جہانگیر کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ای پی اے پنجاب ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی ہدایت پر خصوصی سرویلنس اسکواڈز تشکیل دے دیے گئے ہیں جو اسٹبل برننگ سیزن کے دوران زرعی علاقوں اور موٹر ویز پر گشت کریں گے۔
ای پی اے حکام کے مطابق اسکواڈز 24 گھنٹے، تین شفٹوں میں نگرانی کا عمل جاری رکھیں گے۔ ایم-2، ایم-3، ایم-4، ایم-11 موٹر ویز اور ضلع قصور سمیت حساس علاقوں میں ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے۔
سکواڈز کو واٹس ایپ لوکیشن آن رکھنے اور دورانِ گشت ہر مشتبہ سرگرمی کی رپورٹنگ کا پابند بنایا گیا ہے۔ ڈی جی ای پی اے ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے واضح کیا ہے کہ فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔
تمام ڈپٹی کمشنرز کو اسکواڈز سے مکمل تعاون کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عثمان ظفر کو اسٹبل برننگ کے خلاف اقدامات کا فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔
ای پی اے نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فصلوں کی باقیات جلانے سے گریز کریں اور اس کے نقصانات سے آگاہ رہیں۔