آئی ایم اے 2026 نوجوانوں کو عملی میدان سے جوڑنے کا اہم پلیٹ فارم ہے :ڈاکٹر سمیرا رحمان

03:06 PM, 15 Aug, 2026

لاہور: ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کی نوجوان نسل میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، انہیں درست سمت اور عملی تجربہ فراہم کرکے ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

سپیریئر یونیورسٹی میں ’’آئی ایم اے 2026، انڈسٹری میٹس اکیڈیمیا‘‘ کے افتتاح کے موقع پر پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے ربن کاٹ کر ایونٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم اے 2026 کے کامیاب انعقاد کے لیے پوری ٹیم نے دن رات محنت کی، جس کے نتیجے میں آج یہ اہم ایونٹ کامیابی سے منعقد ہو رہا ہے۔

ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی نے کہا کہ انڈسٹری اور اکیڈیمیا کے درمیان خلا کم کرنے میں آئی ایم اے ایک اہم قدم ہے۔ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ عملی میدان سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر اپنی یوتھ کو آگے لے کر جانا ہے۔ طلبہ اگر محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھیں تو کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ سپیریئر یونیورسٹی میں ہر مضمون کو عملی کام سے جوڑا گیا ہے تاکہ طلبہ کو پیشہ ورانہ زندگی کے لیے بھی تیار کیا جا سکے۔

پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے کہا کہ یونیورسٹی کا ’’تھری یو ون ایم‘‘ پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے، جس کے تحت طلبہ کو ایک سال کا عملی تجربہ فراہم کیا جاتا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے طلبہ کو عملی دنیا کے تقاضوں کو سمجھنے اور تعلیم کے بعد ملازمت حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہر فرد اپنی ذمہ داری اور کردار احسن انداز میں ادا کرے تو معاشرے کے بہت سے مسائل خود حل ہو سکتے ہیں۔ ہمیں نوجوانوں پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں بہتر مواقع فراہم کرنا ہوں گے تاکہ وہ ملک کے روشن مستقبل میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

مزیدخبریں