لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن کا افتتاح: پاکستان کے توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت

03:44 PM, 15 Dec, 2025

لاہور:نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن کو باضابطہ طور پر انرجائز کر دیا ہے، جو ملک کے توانائی کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ 20.7 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے میں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی مالی معاونت بھی شامل تھی۔

لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن کی ٹرانسفارمیشن صلاحیت 500/220 کے وی سطح پر 3,000 ایم وی اے اور 220/132 کے وی سطح پر 750 ایم وی اے ہے۔ منصوبے میں 113 کلومیٹر طویل 500 کے وی اور 45 کلومیٹر طویل 220 کے وی ٹرانسمیشن لائنز شامل ہیں، جو مختلف اہم گرڈ سٹیشنز کو جوڑ کر مضبوط نیٹ ورک فراہم کرتی ہیں۔

یہ منصوبہ پاکستان کے توانائی کے نظام میں کئی اہم فوائد لے کر آئے گا، جن میں سی پیک منصوبے کے تحت جنوبی پاکستان میں قائم پاور ہاؤسز سے سستی بجلی کی مؤثر ترسیل، لاہور-مٹیاری (ایچ وی ڈی سی) ٹرانسمیشن لائن کی زیادہ سے زیادہ صلاحیت کا استعمال، اور لاہور، گوجرانوالہ اور ملحقہ علاقوں میں گرڈ سٹیشنز پر لوڈ کم کرنا شامل ہیں۔ اس سے وولٹیج پروفائل میں بہتری آئے گی اور بجلی کی ترسیل زیادہ مؤثر ہوگی۔

لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن زرعی، تجارتی، صنعتی اور گھریلو صارفین کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور علاقے کی معیشت کو فروغ دے گا۔

این جی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر الطاف حسین ملک نے اس کامیاب منصوبے پر ٹیم کی محنت، مہارت اور لگن کو سراہا۔ منصوبے کی نگرانی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر رشید اے بھٹو اور جنرل مینیجر محمد شاہد نذیر نے کی۔

لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن پاکستان کے توانائی کے شعبے میں انرجی سکیورٹی اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں