لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں قائم خصوصی بچوں کے جدید ترین تعلیمی ادارے ’مریم نواز اسکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم‘ کا دورہ کیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد آٹزم کا شکار بچوں کو فراہم کی جانے والی بین الاقوامی معیار کی سہولیات اور ان کی تعلیمی و نفسیاتی بحالی کے عمل کا براہِ راست معائنہ کرنا تھا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے روایتی دوری ختم کرتے ہوئے سکول میں زیرِ تعلیم بچوں کے ساتھ طویل وقت گزارا اور ان کے ساتھ گھل مل گئیں۔ انہوں نے بچوں کے تعلیمی مشاغل میں حصہ لیا اور ان سے بے حد شفقت کا اظہار کیا، جس پر اسکول انتظامیہ اور بچوں کے والدین نے مسرت کا اظہار کیا۔
سکول انتظامیہ نے وزیراعلیٰ کو ریسورس سینٹر کے مختلف شعبوں، بچوں کی انفرادی تھراپی اور ماہرین کی دستیابی کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔مریم نواز نے اسکول کی جدید لیبارٹریز، کلاس رومز اور پلے ایریاز کا دورہ کیا اور صفائی و ستھرائی سمیت دیگر انتظامات کو سراہا۔
دورے کے دوران سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ تھیں، جنہوں نے اس منصوبے کو خصوصی بچوں کے لیے ایک گیم چینجر قرار دیا۔
مریم نواز سکول فار آٹزم: وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ، خصوصی بچوں کی دیکھ بھال کے لیے جدید سہولیات کا جائزہ
03:51 PM, 15 Feb, 2026