لاہور :پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے معطل ارکان کے خلاف مزید کارروائیاں فی الحال روک دی گئی ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے کہ جب تک حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات میں کوئی نتیجہ سامنے نہیں آتا، تب تک معطل ارکان کے خلاف کوئی نئی تادیبی کارروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں توڑ پھوڑ کے الزام میں جن 10 اپوزیشن ارکان پر 20 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا، ان سے رقم کی وصولی کی کارروائی بھی فی الوقت روک دی گئی ہے۔ ان ارکان کو جرمانے کا دوسرا نوٹس بھی جاری نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی نے اسمبلی سیکرٹریٹ اور حکومتی اراکین کو ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ جاری بات چیت کے پیش نظر فی الحال سخت اقدامات سے گریز کیا جائے۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان ملاقات آئندہ ایک یا دو روز میں متوقع ہے، جس میں معاملات کو سیاسی طریقے سے حل کرنے پر بات چیت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی تو اپوزیشن ارکان کے خلاف مزید کارروائی سے مکمل گریز کیا جا سکتا ہے، بصورت دیگر دوبارہ تادیبی کارروائی کا امکان موجود ہے۔