لاہور میں باربی کیو بھی سموگ کی وجہ قرار، ڈی جی ماحولیات کا سخت ایکشن کا اعلان

06:30 PM, 15 Oct, 2025

لاہور:فضائی آلودگی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر محکمہ ماحولیات پنجاب نے ہوٹلوں اور باربی کیو مراکز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔نمائندہ لاہوررنگ اسامہ جہانگیر کے مطاطق  ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے واضح کیا ہے کہ سموگ کے تدارک کے لیے کسی بھی قسم کی فضائی آلودگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ڈی جی ماحولیات کے مطابق، لاہور سمیت پنجاب بھر میں اوپن باربی کیو کو بھی سموگ کی ایک بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام ہوٹلوں اور باربی کیو اسٹیشنز کو پندرہ دن کے اندر سَکشن ہُوڈز (suction hoods) نصب کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

مزید برآں، کوئلہ، لکڑی یا چارکول استعمال کرنے والے تمام ریسٹورنٹس پر بھی سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں، اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر فوری اور مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو سموگ جیسے خطرناک ماحولیاتی مسئلے سے بچانا ہے، اور کسی بھی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزیدخبریں