پنجاب نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن انجام دیا، عظمیٰ بخاری

03:48 PM, 15 Sep, 2025

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے حالیہ سیلاب کے دوران ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، جسے جلد حل کیا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جلد ریلیف پیکج کا اعلان کریں گی تاکہ متاثرہ افراد کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو ملکی تاریخ کے سب سے شدید سیلاب کا سامنا تھا، مگر بروقت اور موثر حکومتی اقدامات کی بدولت لاکھوں جانیں بچائی جا سکیں۔

وزیر اطلاعات نے وزیراعلیٰ مریم نواز اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرین سیلاب کی خدمت میں دن رات مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے تخمینے کے لیے سروے جاری ہے جس کے بعد ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری نے بعض سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ پنجاب حکومت پر تنقید کر رہے ہیں جن کے اپنے صوبے، خصوصاً خیبرپختونخوا، میں سیلاب اور بارشوں سے سیکڑوں افراد جاں بحق ہوئے اور متاثرین آج بھی بے یار و مددگار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نہ عوامی مسائل حل کر رہی ہے اور نہ ہی اپنی حکومتی رٹ قائم کر پا رہی ہے۔

مزیدخبریں