لاہور: مینجنگ ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) احمد عثمان جاوید نے باغ جناح لاہور کا دورہ کیا اور پارک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔
ایم ڈی پی ایچ اے نے گلستانِ فاطمہ سمیت باغ جناح کے مختلف لانز کا دورہ کیا۔ انہوں نے بارہ دری، لان ٹینس کلب، کاسمو کلب اور لیڈیز کلب کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو پارک میں سہولیات مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر احمد عثمان جاوید نے ہدایت کی کہ بارہ دری کی اپ گریڈیشن کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا جائے، جبکہ لان ٹینس کلب میں شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے بچوں کے جھولوں کی دوبارہ پینٹنگ اور پارک کے لانز میں نئے پودے اور خوبصورت پھول لگانے کی بھی ہدایت کی، تاکہ باغ جناح کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا جاسکے۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر جلیل احمد نے ایم ڈی پی ایچ اے کو باغ جناح میں جاری ہارٹیکلچر اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
احمد عثمان جاوید نے ہدایت کی کہ پارک میں صفائی، ہارٹیکلچر اور تفریحی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔