پریشر ہارن اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن، ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ

07:00 PM, 15 Sep, 2026

لاہور(شاہد رضوی)پریشر ہارن کے استعمال اور فضائی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف ٹریفک پولیس نے سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے صوبے بھر میں پریشر ہارن کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا، جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے جائیں گے۔

 ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو ہدایت کی ہے کہ پریشر ہارن کے استعمال پر بلاامتیاز کارروائی یقینی بنائی جائے۔ ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، ایمرجنسی سینٹرز اور دیگر ممنوعہ مقامات پر ہارن کے استعمال کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

 حکام کے مطابق بلاوجہ مسلسل اور بار بار ہارن بجانے والوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا۔ رواں سال پریشر ہارن اور مسلسل ہارن کے غلط استعمال پر 3 لاکھ 83 ہزار سے زائد شہریوں کے چالان کیے جاچکے ہیں، جبکہ لاہور ٹریفک پولیس نے ہارن کے غلط استعمال پر 48 ہزار شہریوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے۔

 دوسری جانب سموگ تدارک مہم کے تحت سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ اب سموکی وہیکلز کے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے جائیں گے، جبکہ کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ روٹ پرمٹ بھی معطل کیا جائے گا۔

 حکام کے مطابق بغیر ترپال مٹی اور ریت لانے والی ٹرالیوں اور ڈمپرز کا لاہور شہر میں داخلہ ممنوع ہے۔ سموگ تدارک مہم کے دوران بغیر ترپال ڈھانپے ریت، مٹی اور دیگر آلودگی کا باعث بننے والی 3 ہزار 752 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جاچکی ہے۔

 سموگ مہم کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ 54 ہزار 890 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے، جبکہ سموکی وہیکلز کی درستگی کے لیے متعدد سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کو بھی مراسلے ارسال کیے گئے ہیں۔

 ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی جاری رہے گی۔

مزیدخبریں