ایل ڈی اے کا غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن: 3 املاک مسمار، 33 سیل

03:28 PM, 16 Mar, 2026

لاہور : لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (LDA) کے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے شہر کے مختلف زونز میں غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بھرپور ایکشن لیتے ہوئے متعدد املاک کو سیل اور مسمار کر دیا ہے۔ یہ آپریشن ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی خصوصی ہدایات پر بلاامتیاز کارروائیوں کے سلسلے کا حصہ ہے۔
چیف ٹاؤن پلانر (ون) اسد الزمان کی زیرِ نگرانی ایل ڈی اے کی ٹیموں نے لاہور کے درج ذیل اہم علاقوں میں گرینڈ آپریشن کیا،    علامہ اقبال ٹاؤن اور سبزہ زار،    مصطفیٰ ٹاؤن اور وحدت روڈ،    کینال روڈ، گلبرگ اور فیصل ٹاؤن۔
آپریشن کے دوران قانون کی خلاف ورزی کرنے والی املاک کے خلاف درج ذیل کارروائی عمل میں لائی گئی۔ تین غیر قانونی تعمیرات کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔ 33 مختلف املاک کو سیل کر کے ان کا کمرشل استعمال روک دیا گیا۔ایل ڈی اے حکام کے مطابق سیل کی گئی عمارتوں میں مختلف نوعیت کے کاروبار شامل تھے، جن میں     نجی سکولز، فارمیسی، کلینکس، پراپرٹی دفاتر، فوڈ پوائنٹس، سیلونز، ورکشاپس، دکانیں اور دیگر دفاتر شامل ہیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے واضح کیا ہے کہ شہر کے نقشے اور کمرشل قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل فیس کی ادائیگی نہ کرنے والے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہر کے حسن اور قانونی ضابطوں کو برقرار رکھا جا سکے۔

مزیدخبریں