پنجاب میں کفایت شعاری مہم کا باقاعدہ آغاز: وزراء اور افسران کی 2 ماہ کی تنخواہ قومی فنڈ میں جمع ہوگی

04:44 PM, 16 Mar, 2026

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کا پہلا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں سادگی، بچت اور عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے متعدد تاریخی فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں کفایت شعاری مہم کے تحت تمام وزراء اور اعلیٰ حکام نے اپنے دفاتر سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی تاکہ سرکاری اخراجات کو کم سے کم رکھا جا سکے۔
حکومتی سطح پر بچت کی روایت قائم کرنے کے لیے کابینہ نے متفقہ طور پر درج ذیل فیصلے کیے ہیں۔  تمام صوبائی وزراء، معاونین خصوصی اور پارلیمانی سیکرٹریز اپنی 2 ماہ کی تنخواہ وزیراعظم کفایت شعاری فنڈ میں جمع کرائیں گے۔پنجاب اسمبلی کے ارکان نے بھی رضاکارانہ طور پر اپنی 2 ماہ کی تنخواہ اور الاؤنسز کا 25 فیصد حصہ فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔
اجلاس کے دوران صوبے میں انفراسٹرکچر اور تعلیم کی بہتری کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔ لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں الیکٹرک بس اسٹاپ شیلٹرز کی تعمیر کے لیے فنڈز جاری کرنے کی منظوری۔ قصور میں نواز شریف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کے لیے زمین کی فراہمی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت۔ اعلیٰ عدلیہ کے انتظامی امور کے لیے 10 سرکاری گاڑیوں کی خریداری کی منظوری بھی دی گئی۔
صوبائی کابینہ نے رمضان نگہبان پیکج کی شفاف اور کامیاب تکمیل پر وزیراعلیٰ اور انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ علاوہ ازیں، ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے بروقت اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  ہماری حکومت کا ہر قدم عوام کے ٹیکس کے پیسے کو بچانے اور اسے عوامی فلاح پر خرچ کرنے کے لیے ہوگا۔ کفایت شعاری محض نعرہ نہیں بلکہ ہمارا عملی ایجنڈا ہے۔

مزیدخبریں