لاہور :موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی لاہور میں سموگ کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 176 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک زمرے میں آتا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شدت مختلف رہی، جہاں بعض مقامات پر اے کیو آئی 280 سے بھی تجاوز کر گیا، جو کہ "انتہائی مضر صحت" کی سطح پر شمار کیا جاتا ہے۔آج دن بھر سورج نے خوب خوب جلوہ دکھایا، جس کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ رہا۔ تاہم، رات کے وقت موسم میں قدرے خنکی محسوس کی گئی، جس سے شہریوں کو معمولی ریلیف ملا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، جس کا مطلب ہے کہ موجودہ سموگ کی صورتحال میں بہتری کی فوری کوئی توقع نہیں کی جا سکتی۔ماہرین صحت اور ماحولیات کے مطابق، سموگ کے دوران شہریوں کو غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے، ماسک پہننے، اور خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔