پاکستان کی درست سمت اور بھارت کے خلاف سفارتی کامیابیاں:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا اہم خطاب

10:37 AM, 17 Aug, 2025

لاہور: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کو درست سمت میں آگے بڑھتے ہوئے تسلیم کیا گیا ہے۔
ایاز صادق نے کہا،ہم نے 78 سالوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہمیں اس سے آگے بڑھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ "پاکستان کی معیشت پر کوئی پریشر نہیں ہے اور ہم درست سمت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ شرح سود میں کمی کر کے اسے بیس فیصد سے گیارہ فیصد تک لایا گیا ہے"۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ "اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ حکومت کون کر رہا ہے، اہم بات یہ ہے کہ ملک کی ترقی ہونی چاہیے۔

ایاز صادق نے بھارت کی جانب سے فتنہ الخوارج کی حمایت کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ "پاکستان نے اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا"۔
"ہم نے پہلگام واقعہ کی مذمت کی اور اسمبلی میں اس کے خلاف قرارداد بھی منظور کی"۔ انہوں نے کہا کہ "اللہ نے ہمیں موقع دیا اور ہم نے سفارتی محاذ پر یہ جنگ جیت لی"۔

ایاز صادق نے کہا کہ "ہم جانتے ہیں کہ بھارت کے اور بھی پلان ہیں، لیکن ہم بھی تیار ہیں۔ ہم نے بھارت کے طیارے گرائے، لیکن بھارت ہمارا ایک بھی طیارہ نہیں گرا سکا"۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم بھارت کے مزید طیارے بھی گرا سکتے تھے، لیکن ہم نے تحمل سے کام لیا۔ پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان سفارتی محاذ پر مزید مضبوط ہو کر دنیا میں ابھرا"۔
"دنیا نے ہم سے پوچھا کہ ہم نے اپنے سے دس گنا بڑے ملک کو کیسے شکست دی؟۔ایاز صادق نے کہا کہ "اپنے سیاسی کیریئر میں پاکستان کو اس سطح پر کبھی سفارتی کامیابیاں حاصل نہیں ہوئیں، جیسا کہ آج ہیں"۔

مزیدخبریں