پنجاب میں سبزی منڈیوں کا نیا نظام نافذ، شفافیت اور جدید سہولیات کا آغاز

01:58 PM, 17 Dec, 2025

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے کی 188 سبزی منڈیوں کو ماڈرن فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹس میں تبدیل کر کے عوام کے لیے خریداری کے عمل کو شفاف، محفوظ اور جدید بنا دیا ہے۔

نئے نظام میں براہِ راست نیلامی کا طریقہ، فعال آکشن شیڈز اور مکمل ریٹ بورڈز شامل ہیں، جبکہ صفائی، جدید ویسٹ کلیکشن، واٹر فلٹریشن پلانٹس، فنکشنل ٹوائلٹس اور مکمل ڈرینج سسٹم متعارف کروا دیا گیا ہے۔ ہر مین ہول پر ڈھکن نصب کیے گئے ہیں اور 2 لاکھ 66 ہزار سے زائد اسٹریٹ لائٹس فعال کی گئی ہیں تاکہ دن رات خریداری محفوظ ہو۔

پنجاب حکومت نے سبزی و پھل کے ضیاع کو روکنے کے لیے ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام شروع کیا ہے، جس کے تحت گرین ویسٹ کو بائیو گیس اور پولٹری فیڈ میں استعمال کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، صوبے میں طلب و رسد کا ریکارڈ رکھنے کے لیے ’’ٹریکنگ آن ویل سسٹم‘‘ بھی نافذ کیا گیا ہے، جس سے ہر سبزی و پھل کے ٹرک کی سیف سٹی اتھارٹی سے ٹریکنگ ممکن ہوگی۔

پاکپتن، قصور، ساہیوال، میاں چنوں، شیخوپورہ اور منڈی بہاؤالدین میں نئی ماڈرن منڈیاں قائم کی جائیں گی، جبکہ مری کے عوام کو سستے داموں سبزی اور پھل فراہم کرنے کے لیے ہول سیل نرخوں پر سپلائی چین سسٹم متعارف کروا دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کا استحصال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور پنجاب سے مافیا کلچر مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ سستی روٹی اور سستا آٹا ہر صورت دستیاب ہوگا اور خود سبزی منڈیوں کے سرپرائز دورے بھی کریں گی۔

مزیدخبریں