پنجاب میں کیش لیس معیشت کا آغاز: تمام دکانوں اور کاروباری مراکز پر کیو آر کوڈ (QR Code) آویزاں کرنا لازمی قرار

04:08 PM, 17 Feb, 2026

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو رائج کرنے کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے واضح احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اب صوبے بھر میں کاروباری لین دین کیش کے بجائے ڈیجیٹل طریقے سے ہو گا۔سینئر رپورٹر نمائندہ لاہور رنگ  ادریش شیخ کے مطا بق  حکومت نے تمام کاروباری حضرات، تاجروں اور پرچون فروشوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے مراکز پر کیو آر کوڈ (QR Code) اور 'راست' (Raast) آئی ڈی واضح طور پر آویزاں کریں۔
تمام آؤٹ لیٹس اور کاروباری مراکز پر ادائیگی کے لیے کیو آر کوڈ ایسی جگہ لگایا جائے جہاں سے وہ گاہک کو واضح طور پر نظر آ سکے۔
 اس اقدام کا مقصد صوبے میں کیش لیس سسٹم کو نافذ العمل کرنا ہے تاکہ مالیاتی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور عوام کو نقدی ساتھ رکھنے کی ضرورت نہ رہے۔
پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انتظامیہ کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ تاجر تنظیموں اور کاروباری مراکز کا دورہ کریں اور ڈیجیٹل سسٹم کی موجودگی کو چیک کریں۔
حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ 'راست' اور کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ ٹیکس چوری روکنے اور معیشت کو دستاویزی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ اس سسٹم کے تحت صارفین اپنے موبائل فون کے ذریعے فوری اور محفوظ ادائیگی کر سکیں گے۔

مزیدخبریں