لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ایئر کوالٹی کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اور جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ اسموگ کنٹرول کے لیے بہترین حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے۔
انہوں نے امریکی وفد کو سیف سٹی پراجیکٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کا مؤثر اور منظم نظام قائم کیا گیا ہے۔ مریم اورنگزیب کے مطابق پنجاب بھر میں 9 ہزار سے زائد صنعتوں کو ایک مرکزی ڈیش بورڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے صنعتی سرگرمیوں اور ماحولیاتی امور کی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے اور حکومت پنجاب شہریوں کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔